جنگلی کہو کے درختوں پر زیتون کی پیوند کاری مہم پر کام تیزی سے جاری ہے

جمعہ 29 اگست 2025 20:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) محکمہ زراعت توسیع ضلع مظفرآباد کے زیر انتظام علاقے میں موجود جنگلی کہو کے درختوں پر زیتون کی پیوند کاری مہم پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ضلع مظفرآباد راجہ ظہیر اقبال اور سید غلام مرتضی گیلانی اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر نے ہمراہ فیلڈ عملہ موضع چھتر کلاس موقع پر پہنچ کر پیوندکاری مہم کا معائنہ کیا۔

محکمہ زراعت کے عملہ نے ہمراہ زمینداران تقریبا 960جنگلی کہو کے درختوں پر زیتون کی پیوندکاری کی ہے۔ ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر اعجاز خان کی خصوصی ہدایت پر موضع چھتر کلاس کو’’زیتون ویلی‘‘ بنانے کے لیے یہاں پر موجود خود رو جنگلی کہو پر اعلیٰ اقسام کے زیتون کی پیوند کاری کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس وقت تک تقریبا 3000 (تین ہزار) جنگلی کہو پر زیتون کی پیوند کاری کی جا چکی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت راجہ ظہیر اقبال نے بتایا کہ انشاء اللہ مستقبل میں اس علاقے کو زیتون کی پیداوار میں ایک منفرد مقام حاصل ہو گا اور اس کے ماحولیاتی تبدیلی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ علاقے میں زراعت کو فروغ دیتے ہوئےمعاشی ذرائع آمدن کے اسباب میں گراں قدر اضافہ ہوگا جو یقیناً علاقے کی خوشحالی کا ضامن ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مقامی زمینداروں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور محکمہ کے فیلڈ عملہ سے بھرپور تعاون کیا ہے جس کے لیے محکمہ زراعت تمام زمیندار بھائیوں کا مشکورہے۔

متعلقہ عنوان :