ہری پور،ڈی ایچ او کا ڈینگی کی روک تھام کے لیے کوٹ نجیب اللہ کا دورہ،آگاہی سیشن کا انعقاد

ہفتہ 30 اگست 2025 20:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) ڈی ایچ او ہری پور نے ڈینگی کی روک تھام کے لیے کوٹ نجیب اللہ کا دورہ کر کے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا،ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر ہری پور ڈاکٹر محسن رضا ترابی نے ہفتہ کو ضلع کے ڈینگی کے ہاٹ اسپاٹ علاقے کوٹ نجیب اللہ کا دورہ کیا،اس موقع پر انہوں نے ڈینگی بخار کے حوالے سے ایک اہم ہیلتھ آگاہی سیشن منعقد کیا جس میں بیماری کی علامات،علاج اور بچاؤ کی تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی،انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لیے کھڑے پانی کا خاتمہ اور صفائی ستھرائی انتہائی ضروری ہیں،انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ مچھر کے افزائشی مقامات کو صاف کرنا اور گھر کے ارد گرد پانی جمع ہونے سے بچنا ضروری ہے تاکہ بیماری کا پھیلاؤ روکا جا سکے،بعد ازاں ڈاکٹر محسن رضا ترابی نے خود بھی علاقے کا دورہ کیا اور مقامی ہیلتھ سٹاف کے ساتھ مل کر مچھروں کی افزائش کے مقامات کی نشاندہی کی،انہوں نے گلی محلوں اور گھروں میں کھڑے پانی کی موجودگی کو دیکھا اور وہاں فوری اقدامات کی ہدایت کی تاکہ مچھروں کے پیدا ہونے کے مواقع کم کیے جا سکیں،ڈی ایچ او ڈاکٹر محسن رضا ترابی نے کمیونٹی کو متحرک کرنے کے لیے مقامی عوام،ہیلتھ سٹاف اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک ڈینگی آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا جس کا مقصد عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کا پیغام عام کرنا اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنا تھا،واک میں درجنوں افراد نے شرکت کی اور اس کے دوران مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے پیغامات بھی دئیے گئے۔

متعلقہ عنوان :