Live Updates

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیر صدارت پشاور اپ لفٹ ٹاسک فورس کا اجلاس

ہفتہ 30 اگست 2025 23:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) ضلع پشاور کی ترقی اور بہتری کے لئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی جانب سے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہفتہ کو چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی آصف خان، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی محمد عاصم خان، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی، کمشنر پشاور ڈویژن، پی ڈی اے، ڈبلیو ایس ایس پی کے سربراہان، سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

ٹاسک فورس اجلاس میں پشاور میں مختلف محکموں کے ترقیاتی اقدامات کے لئے رابطہ کاری سمیت اتھارٹیز کی بہتری کی کوششوں، بلڈنگ کنٹرول اور پشاور کے ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے علاوہ پشاور کے ٹریفک مینجمنٹ کے لئے تجاویز و دیگر امور پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی اے نے شہر کی خوبصورتی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ادارے کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور کی خوبصورتی اور صفائی کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے تمام متعلقہ محکموں کی کوششوں کو مربوط کیا جائے گا۔ ڈی جی پی ڈی اے نے آگاہ کیا کہ ایک جامع سروے کے بعد شہر کی مجموعی خوبصورتی کے لیے پیکیجز تیار کیے گئے ہیں جن پر جلد عملدرآمد شروع ہوگا۔فورم نے ہدایت کی کہ نکاسیء آب کے تمام نالوں کی صفائی ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ مربوط مہم کے ذریعے کی جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہری سیلاب سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے رنگ روڈ کی تکمیل اور دیگر لنکیجز کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی اے کے تمام سروس ڈلیوری اقدامات کو باضابطہ طور پر نوٹیفائی کیا جائے اور ایک مؤثر کال بیک میکانزم قائم کیا جائے تاکہ عوامی شکایات کی تسلی بخش نگرانی ہوسکے۔

ڈی جی پی ڈی اے نے بتایا کہ اتھارٹی کی تمام ادائیگیاں دسمبر تک کیش لیس سسٹم پر منتقل ہوجائیں گی جبکہ ۳۰ ستمبر تک اندرونی امور کو پیپر لیس بنایا جائے گا۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ پانی اور صفائی کی خدمات کو آؤٹ سورس کیا جائے تاکہ بہتر مقابلے اور کارکردگی کو فروغ ملے، جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ فورم نے شہری شمولیت بڑھانے کے لیے باقاعدہ کھلی کچہریوں اور اے آئی پر مبنی شکایت اندراج نظام متعارف کرانے کی تجویز دی، تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور سہولت میں اضافہ ہو۔

چیف سیکرٹری نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ پشاور کو ایک جدید، محفوظ اور بہتر رہائشی شہر بنانے کے لئے اجتماعی طور پر ذمے داریاں پوری کریں اور بروقت رپورٹنگ و پیش رفت یقینی بنائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات