تاجر برادری کی توانائی ضروریات پوری کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، سید ناصر حسین شاہ

اتوار 31 اگست 2025 13:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) صوبہ سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی توانائی ضروریات کو پورا کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اتوار کو یہاں چوہدری زاہد اقبال آرائیں، چیئرمین لوکل کونسلز ایسوسی ایشن پنجاب کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ قدرتی وسائل و قابل تجدید توانائی کی صلاحیت سے مالا مال اور بین الصوبائی تعاون کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پہلے ہی ونڈ وسولر منصوبوں میں سب سے آگے اور صنعتوں و کمرشل زونز کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹرانسمیشن نیٹ ورکس کو وسعت دینے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستحکم اور سستی بجلی کی فراہمی اقتصادی ترقی، صنعتی پیداواری صلاحیت میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ناصر حسین شاہ نے یقین دلایا کہ صوبہ سندھ پنجاب کے سرمایہ کاروں کے ساتھ قابل تجدید اور روایتی توانائی کے منصوبوں میں مشترکہ منصوبوں کے لیے تیار ہے۔ وفد نے سندھ حکومت کے فعال کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ صوبوں کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون سے قومی معیشت مضبوط ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، رکاوٹیں دور اور کاروباری برادری کی توانائی کی ضروریات کو بلا تاخیر پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :