ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی رنگ لانے لگی، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ

پیر 1 ستمبر 2025 22:16

ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی رنگ لانے لگی، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے باعث پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں واضح بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی، پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی بدولت جولائی 2025 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 354 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ 12 ماہ کی 317 ملین ڈالر کی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں آئی ٹی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جون 2025 کے مقابلے میں 5 فیصد کا ماہانہ اضافہ بھی سامنے آیا ہے۔ برآمدات میں یہ نمایاں اضافہ کمپیوٹر سروسز، سافٹ ویئر کنسلٹنسی اور خصوصاً خلیجی ممالک میں صارفین کی تعداد بڑھنے کی بدولت ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

اس مثبت رجحان کے پیچھے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اقدامات بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مرکزی بینک نے ایکسپورٹرز کے لیے اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس (SFCA) کی حد کو 35 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا ہے، جس سے کمپنیوں کو زرمبادلہ کو بہتر انداز میں استعمال کرنے کی آزادی ملی ہے۔ اس کے علاوہ، اسٹیٹ بینک کی جانب سے متعارف کردہ ایکوئٹی انویسٹمنٹ ابراڈ (EIA) اسکیم نے بھی آئی ٹی برآمدکنندگان کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت کمپنیاں اپنی برآمدی آمدن کا 50 فیصد بیرونِ ملک سرمایہ کاری کے لیے استعمال کر سکتی ہیں، جو عالمی سطح پر پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی موجودگی بڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کے حالیہ سروے کے مطابق، ملک کی 62 فیصد آئی ٹی کمپنیاں اسپیشلائزڈ فارن کرنسی اکاؤنٹس رکھتی ہیں، جو اس شعبے کی تیزی سے ہونے والی مالیاتی اصلاحات کی جانب اشارہ ہے۔ماہرین کے مطابق، ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری میں جاری ترقی نہ صرف برآمدات میں اضافے کی ضمانت ہے بلکہ ملک کے روشن اقتصادی مستقبل کی بنیاد بھی رکھ رہی ہے۔