Live Updates

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں اور بازاروں کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سہیل آفریدی

اتوار 31 اگست 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر کے علاقے کٹہ کشتہ میں سیلاب سے متاثرہ پاک افغان شاہراہ اور علی مسجد بازار کا دورہ کیا،انہوں نے متعلقہ محکمے کے افسران کے ہمراہ متاثرہ مقامات کا جائزہ لیا اور عوام سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل میں سڑکوں، پلوں اور بازاروں کو نقصان پہنچایا ہے جس سے مقامی عوام کی آمدورفت اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں اور جلد ہی پاک افغان شاہراہ سمیت تمام مرکزی و ذیلی سڑکوں کو مرمت کرکے آمدورفت کے قابل بنایا جائے گا تاکہ عوام کی آمد ورفت اور تجارتی سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہری 10 ستمبر تک ممکنہ بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت کےلیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی ہمارا اولین فرض ہے اور جلد ہی متاثرہ سڑکوں کو دوبارہ فعال بنا کر عوام کو سہولت فراہم کریں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :