ق*تیانجن: ایس سی او کا سب سے بڑا سالانہ اجلاس، 20 سے زائد عالمی رہنماؤں کی شرکت

ح* اجلاس امن، استحکام اور خوشحالی کا سنگِ میل ثابت ہوگا، صدر شی جن پنگ ۳خطے میں اتحاد و تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں نئی توانائی پیدا کرے گا، خطاب

اتوار 31 اگست 2025 21:15

ٴ تیانجن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2025ء)چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کو صدر شی جن پنگ نے رکن ممالک کے درمیان امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق استقبالیہ عشائیے سے خطاب میں صدر شی نے 20 کے قریب عالمی رہنماؤں کو بتایا کہ یہ اجلاس خطے میں اتحاد و تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کی ترقی اور خوشحالی میں نئی توانائی پیدا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کی مشترکہ کاوشوں سے یہ اجلاس کامیابی سے ہمکنار ہوگا اور تنظیم مزید نمایاں کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں وسطی، جنوبی، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سربراہان مملکت و حکومت شریک ہیں، جسے ماہرین گلوبل ساؤتھ کے اتحاد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر شی کے مطابق ایس سی او اب ایک ایسی مؤثر قوت کے طور پر ابھر چکی ہے جو نئے طرز کی بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دے رہی ہے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے خواب کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تیانجن میں ہونے والا یہ اجلاس ایس سی او کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ اجلاس قرار دیا جا رہا ہے۔ رکن ممالک آئندہ دہائی کے لیے تنظیم کی ترقیاتی حکمت عملی سمیت کئی کلیدی دستاویزات کی منظوری دیں گے۔صدر شی نے مزید کہا کہ تیانجن اصلاحات کے حوالے سے چین کا پیشرو شہر ہے، اور یہاں اجلاس کے انعقاد سے ایس سی او کی پائیدار ترقی میں نئی جان ڈالی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :