امریکا نے فلسطینی شہریوں پر عائد ویزا پابندیوں کو مزید سخت کردیا

پیر 1 ستمبر 2025 11:24

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے فلسطینی پاسپورٹ ہولڈرز پر ویزہ پابندیوں کو مزید سخت کرتے ہوئے تقریباً تمام اقسام کے نان امیگرنٹ وزیٹر ویزوں کا اجرا روک دیاہے۔شنہوا نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اس توسیع شدہ پابندی میں علاج معالجہ، یونیورسٹی کی تعلیم، کاروباری سفر اور رشتہ داروں یا دوستوں سے ملاقات کے لیے درخواستوں کو شامل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اقدام 18 اگست کو سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو بھیجے گئے ایک پیغام میں بیان کیا گیا، جو اس سے قبل صرف غزہ کے رہائشیوں پر لاگو تھا،نئی پالیسی اب مغربی کنارے اور دنیا بھر میں مقیم فلسطینیوں کو بھی نشانہ بناتی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نےاگست میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور فلسطینی اتھارٹی کے ارکان کے ویزے بھی منسوخ کر دیے تھے تاکہ وہ نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کر سکیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور فلسطینی رہنماؤں پر الزام لگایا کہ وہ دہشت گردی سے دستبرداری اختیار کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ■