اوستہ محمد ،عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے نئی پائپ لائنیں بچھائی جارہی ہیں ، شکراللہ بلوچ

پیر 1 ستمبر 2025 19:25

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکراللہ بلوچ نے کہا ہے کہ استامحمد کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں درپیش مشکلات کے تدارک کے لیے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی کی خصوصی ہدایات اور کاوشوں سے بہتر اور دیرپا اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔شہر کے مختلف وارڈز اور محلوں میں نئی پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جن کی تنصیب کے بعد عوام کو ان کی دہلیز پر صاف پانی میسر آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے استامحمد کے مختلف محلوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کے دوران عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر سردار زادہ فیصل خان جمالی کی ہدایت پر واٹر سپلائی فیز ون کی لائنوں کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جس کی نگرانی وہ خود اور انجینئر ریاض احمد جمالی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عبدالکریم پلال، کونسلر ڈاکٹر عطا اللہ جمالی، الطاف حسین پلال، اسرار احمد پلال، استاد خان محمد عمرانی اور سرفراز پلال بھی موجود تھے۔

ایکسئین پی ایچ ای شکراللہ بلوچ نے مزید کہا کہ استامحمد کے مختلف علاقوں جن میں پلال گلی، چانڈیہ محلہ، شہید مراد کالونی، تنیہ محلہ اور دیگر شامل ہیں، ریاض احمد جمالی کی دن رات محنت کے نتیجے میں پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہر کے تمام بوسیدہ پائپ لائنوں کی مرمت اور نئی لائنوں کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولت کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی عمل کی میں خود و انجینئر ریاض احمد جمالی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔