ضلعی انتظامیہ پشاور کااشرف روڈ، دلہ زاک روڈ اور رام پورہ گیٹ ہول سیل آٹا مارکیٹ کا معائنہ

پیر 1 ستمبر 2025 22:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) صوبائی دارالحکومت پشاور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے اشرف روڈ، دلہ زاک روڈ اور رام پورہ گیٹ ہول سیل آٹا مارکیٹ کا معائنہ کیا گیا۔معائنے کے دوران آٹے کی دستیابی، معیار اور مقررہ نرخوں پر فروخت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انتظامی افسران نے سٹاک رجسٹرز، ریٹ لسٹ اور آٹے کی دستیابی کو چیک کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ عوام کو مقرر کردہ نرخوں پر آٹا فراہم ہو رہا ہے۔ اس موقع پر متعدد دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باقاعدہ طور پر روزانہ کی بنیاد پر سٹاک رجسٹر مرتب کریں اور اسے معائنے کے لیے ہر وقت دستیاب رکھیں۔

(جاری ہے)

معائنے کے دوران 4 دکانیں ایسی پائی گئیں جہاں اسٹاک رجسٹرز یا تو موجود نہیں تھے یا درست طریقے سے برقرار نہیں رکھے جا رہے تھے۔

اس خلاف ورزی پر متعلقہ دکانوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آٹا ڈیلرز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ اگر آئندہ ریکارڈ میں کوتاہی یا نرخوں کی خلاف ورزی پائی گئی تو نہ صرف دکانیں سیل کی جائیں گی بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناءاللہ خان نے واضح کیا ہے کہ عوام کو سستے داموں معیاری آٹا فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے چیکنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :