حضور پاک ﷺکی تعلیمات کی پیروی سے ہم ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں،سید یوسف رضا گیلانی

منگل 2 ستمبر 2025 13:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تعلیم اور تبلیغ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺکی سنت ہے ،ان کی تعلیمات سے ہی پوری کائنات علم و امن کا گہوارہ بنی، آج بھی ہم اگر چاہتے ہیں کہ دنیا میں انقلاب برپا کیا جائے تو تعلیم کے فروغ کےلئے کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں منعقدہ سیرت النبی (ص) کانفرنس کے موقع پر کیا۔

سجادہ نشیں دربار موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی،سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی،صدر انجمن اسلامیہ سید عمران حسن گیلانی،سید غلام یزدانی گیلانی،عامر حسن گیلانی، احمد مجتبی گیلانی، جاوید اختر انصاری، عبدالوحید ارائیں، عبدالغفار ڈوگر، مظہر جاوید، امجد بخاری، اکمل وینس، سمیت علمائے کرام ،معززین شہر اور لوگوں کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارے خاندان کے بزرگوں نے اس علاقے میں تعلیم کو پھیلانے میں تاریخی کردار ادا کیا ۔ بہت سی تعلیمی درسگاہوں، جن میں اسلامیہ ہائی سکولز حرم گیٹ، دولت گیٹ، شوکت کنڈر گارٹن اور کالجز کی بنیاد ہمارے اکابرین نے رکھی۔ جہاں آج درس و تدریس جاری ہے۔ چئیرمین سینٹ نے مزید کہا کہ ملتان میں اسلامیہ ہائی سکولز اور علمدار حسین ڈگری کالج بہترین درسگاہیں ہیں۔ گیلانی لا کالج کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہاں 10 پی ایچ ڈی سکالرز تعلیم دے رہے ہیں اور وہاں پی ایچ ڈی اور ایل ایل ایم کرایا جا رہا ہے۔ہمارے خاندان نے لوگوں اور دین کی خدمت کی ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حضور پاک ﷺکی تعلیمات کی پیروی سے ہم ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔