محکمہ جنگلی حیات،جانوروں و پرندوں کی بازیابی اور بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ پر 18ملزمان کے چالان

منگل 2 ستمبر 2025 18:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی سربراہی میں صوبہ میں تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی بازیابی اور بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ کی روک تھام سمیت وائلڈلائف رینجر صوبہ بھر میں فلڈ ریسکیو ریلیف آپریشن میں بھی جانفشانی سے کام کررہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن ڈاکٹر سجاد حسین کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر محمد ندیم ، آکاش ناتھن اور سینئر وائلڈلائف رینجر اللہ بخش کھاکھی نے ملتان شہر کے نزدیک ایک نجی سرکس میں چھاپہ مار کر غیرقانونی رکھے بندر،سیہہ اور 3 سور کے بچوں کو بازیاب کرکے 2ملزمان کو موقع پر گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی،اسی طرح کی کامیاب کارروائیوں میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ڈی جی خان سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجر ز ڈی جی خان نے بٹیر کی غیرقانونی نیٹنگ پر 4ملزمان کا چالان کرکے ان کے قبضہ سے 4نیٹنگ گیئرز برآمد کر لیے اور انہیں 2لاکھ 10ہزار جرمانہ کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر چکوال محمد عمران نے بٹیر اور تیتر کی نیٹنگ پر 2غیرقانونی شکاریوں کاچالان کرکے ایک کو 75ہزار روپے جرمانہ کیا اور دوسرے کیخلاف کارروائی جاری ہے ۔ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر چشمہ میانوالی شیخ زاہد اقبال نے 2بٹیر نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے 2شکاریوں کاچالان کیا۔ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن سید علی عثمان بخاری نے 3نیٹنگ گیئرزبرآمد کرکے 2شکاریوں کا چالان کیا ۔

ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر فیصل آباد ریجن ڈاکٹر غلام رسول نے بٹیر کا نیٹنگ گیئرز برآمد کرکے کارروائی شروع کردی ہے،دوسری جانب محکمہ صوبہ کے تمام متاثر ہ اضلاع میں دیگر محکموں کے شانہ بشانہ فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں پیش پیش ہے جس پر سیکرٹری جنگلات مدثر ریاض ملک نے انہیں بھر پور سراہا ہے ۔