لورالائی پولیس میں 16 فرض شناس اور محنتی اہلکاروں کی ان کی کارکردگی کے اعتراف میں کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے رینک میں ترقی

منگل 2 ستمبر 2025 17:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) لورالائی پولیس میں خدمات انجام دینے والے 16 فرض شناس اور محنتی اہلکاروں کو ان کی کارکردگی کے اعتراف میں کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل (حوالدار) کے رینک میں ترقی دے دی گئی۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس لورالائی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران، اہلکاروں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان تھے جبکہ ان کے ہمراہ ڈی ایس پی لیگل سردار نصراللہ خان حمزازئی، ڈی ایس پی ناصر شاہ، ایس ایچ او نعیم موسخیل، سب انسپکٹر شریف موسخیل، ٹریفک انچارج منظور حسنی، سنزرماما اور عبداللہ ناصر بھی موجود تھے۔ترقی پانے والے اہلکاروں کو نئے رینکس پہنائے گئے جس کے دوران افسران بالا نے ان کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں آئندہ بھی ایمانداری، دیانتداری اور خلوص نیت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دینے کی تلقین کی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی احمد سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس میں ترقی صرف ایک عہدہ نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہوتی ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے اہلکار اپنی پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں چائے کا اہتمام بھی کیا گیا، جہاں افسران و اہلکاروں نے خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔ترقی پانے والے اہلکاروں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کے والدین، سینئرز اور ساتھیوں کی دعاو ں اور رہنمائی کا نتیجہ ہے اور وہ آئندہ بھی عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :