Live Updates

کمالیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ، ریلیف کیمپو ں میں انتظامات اور سہولیات کا جائزہ

منگل 2 ستمبر 2025 19:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل کمالیہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے ریلیف کیمپو ں میں انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار اور اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقرا ناصر نے کمشنر فیصل آباد کو سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمالیہ اور پیر محل میں دریائے راوی کے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر فیصل آباد نے مل فتیانہ پل سے حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا اور ہڑپہ روڈ کے سیلاب سے متاثرہ حصے کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں وہ تارا حویلی ریلیف کیمپ پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرین کے لیے فراہم کردہ انتظامات اور کھانے کی سہولیات کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لائیو سٹاک اور زراعت کے محکموں کی جانب سے مویشیوں کو دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔کمشنر نے کیمپ میں موجود بچوں سے گفتگو کی اور ان کی تعلیم کے حوالے سے دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں میں بسکٹ اور جوس بھی تقسیم کئے۔کمشنر نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کلینک آن ویلز کی موجودگی ریلیف کیمپس اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے قریب ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو فوری طبی سہولت میسر ہو۔

مزید برآں انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ریلیف کیمپوں میں تمام سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں تاکہ متاثرین کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کیمپ کے تمام کمروں کا دورہ کر کے متاثرین سے ملاقات بھی کی جہاں متاثرین نے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات