Live Updates

ڈی جی پی ڈی ایم اے کی زیر صدارت سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس، متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری

منگل 2 ستمبر 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )جہانزیب خان کی زیر صدارت نصیرآباد میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی ،ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیراحمد خان کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں خصوصا نصیرآباد ڈویژن کا جائزہ لیا گیا اور تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے فعال کردار ادا کریں گے اور کسی بھی افسر کی غفلت یا کوتاہی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آبپاشی کے محکمے، ڈپٹی کمشنرز اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والی تنظیموں کو واضح روڈ میپ فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں کیمپوں کی مانیٹرنگ اور فوری رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں شگاف نہ پڑ سکے۔

ڈپٹی کمشنرز کو تاکید کی گئی کہ وہ کسانوں اور مقامی آبادی کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں، انخلا کے منصوبے جمع کروائیں اور محفوظ مقامات پر کیمپ قائم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والی تنظیموں کو حکومت اور پی ڈی ایم اے کی معاونت کرنے، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات کرنے اور ضرورت کی بنیادی اشیا جیسے ادویات اور دیگر سامان کی فراہمی میں تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بروقت تیاری اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں اور یہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :