ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوس اینڈ لائبریری کا اجلاس ، کوارٹرز کی تعمیر سے متعلق بریفنگ

کمیٹی کے اراکین نے عرصہ دراز سے جاری اس اہم منصوبے پر کام کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا، اعلامیہ جاری

منگل 2 ستمبر 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاس اینڈ لائبریری کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ کی زیرِ صدارت آج پارلیمنٹ ہاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے اراکین کو پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ اضافی 104 فیملی سوٹس اور 400 سرونٹ کوارٹرز کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کے اراکین نے عرصہ دراز سے جاری اس اہم منصوبے پر کام کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔کمیٹی کے اراکین نے پارلیمنٹ لاجز میں موجودہ پارکنگ اسپیس کو توسیع دینے سمیت تمام جاری ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز میں مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ موجودہ 40 کیمروں میں سے صرف 30 فعال ہیں جبکہ باقی کام نہیں کر رہے۔

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ تین ماہ کے اندر تمام کیمرے فعال بنا دیے جائیں گے۔مزید برآں کمیٹی کے اراکین نے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی کے مسائل کو بھی اجاگر کیا اور نشاندہی کی کہ اسلام آباد پولیس کے صرف 6 ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز کے سکیورٹی نظام کو مزید مثر اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اراکین نے پارلیمنٹ لاجز میں عرصہ دراز سے درپیش مرمتی مسائل کی بھی نشاندہی کی جن میں پانی کا رسا، دیمک کے تدارک اور دیگر ساختیاتی مسائل شامل ہیں۔اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی، محمد معین امیر پیرزادہ، عالیہ کامران، چیئرمین سی ڈی اے، سی ڈی اے کے دیگر اعلی حکام، اسلام آباد پولیس اور وزارتِ خزانہ کے حکام نے شرکت کی۔