ڈی پی او مانسہرہ کا ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کا دورہ

بدھ 3 ستمبر 2025 13:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور تھانہ ناران سے ملحقہ پولیس پوسٹ گٹی داس کی پولیس موبائل پر شرپسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بہادر پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زخمی اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ ہمارے غازی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ نے زخمی اہلکاروں کی بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس جرات اور حوصلے کے ساتھ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کا مقابلہ کیا وہ پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے، ان شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ ڈی پی او مانسہرہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور مانسہرہ پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔