کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت اجلاس،ضلع خوشاب اور میانوالی میں وائلڈ لائف کے تحت دو تفریحی منصوبوں پر تفصیلی جائزہ

بدھ 3 ستمبر 2025 14:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع خوشاب اور میانوالی میں وائلڈ لائف کے تحت شروع کیے جانے والے دو تفریحی منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر پی ایم یو صبا عادل نے بتایا کہ وادیٔ سون (ضلع خوشاب) اور چشمہ (ضلع میانوالی) میں وائلڈ لائف کے جدید طرز کے تفریحی مقامات قائم کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوام اور سیاحوں کو قدرتی ماحول میں محفوظ اور معیاری تفریح فراہم کی جا سکے۔

انہیں مزید بتایا گیا کہ ان منصوبوں کے لیے زمین کی خریداری اور ابتدائی انفراسٹرکچر کی تیاری کے مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ دونوں منصوبے خطے میں ایک ماڈل پراجیکٹ کی حیثیت اختیار کریں گے جو نہ صرف عوام کو سہولیات فراہم کریں گے بلکہ مقامی سیاحت، معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے سرگودہا ڈویژن کے عوام کے لیے موجودہ حکومت کا تحفہ ہیں جنہیں جلد از جلد گراؤنڈ پر شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ان منصوبوں کو بروقت مکمل کریں تاکہ عوام کو جدید اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وادی سون اور چشمہ اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث ملک بھر میں منفرد اہمیت رکھتے ہیں اور ان منصوبوں سے ان مقامات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سیاحتی مراکز کے طور پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر ،ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :