جشنِ عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم کی زیرِ صدارت اجلاس کا انعقاد

بدھ 3 ستمبر 2025 15:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) جشنِ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم حنین طارق شاہانی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کو نکالے جانے والے جشنِ عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلوس، اس کے روٹس، سکیورٹی، ٹریفک پلان اور دیگر انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں ڈی ایس پی ٹنڈوآدم عبدالستار گورگیج، صدر مرکزی عید میلاد کمیٹی و وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی ملک ذوالفقار، حافظ شیر علی چشتی، امتیاز انصاری، محمد علی، سید ثاقب شاہ (حیسکو)، ڈاکٹر آفتاب علی (تعلقہ ہسپتال)، ٹریفک پولیس کے افسران سمیت واٹر سپلائی، ہیلتھ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حنین طارق شاہانی نے کہا کہ جشن عید میلادالنبیؐ ہماری دینی و روحانی وابستگی کا دن ہے، اس موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، پینے کے پانی، میڈیکل کیمپس، ریسکیو ٹیموں کی موجودگی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون سے ایسے انتظامات کریں تاکہ کسی قسم کی کوتاہی نہ رہ جائے۔ ڈی ایس پی عبدالستار گرگیج نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز کی نفری جلوس کے روٹس اور اہم مقامات پر تعینات کی جائے گی جبکہ ٹریفک پولیس متبادل روٹس کا پلان مرتب کرے گی تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

چیئرمین میلاد کمیٹی ملک ذوالفقار نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، مرکزی جلوس میں عاشقانِ رسولؐ کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے دوران مختلف مقامات پر سبیلیں، لنگر اور محافل نعت کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ حافظ شیر علی چشتی اور دیگر علما نے اس موقع پر کہا کہ میلاد النبیؐ کا پیغام اتحاد، بھائی چارے، امن اور محبت ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب اختلافات سے بالاتر ہوکر اس دن کو بھرپور عقیدت کے ساتھ منائیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلوس کے روٹس پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حیسکو خصوصی اقدامات کرے گا جبکہ تعلقہ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مستعد رہیں گی۔اجلاس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر حنین طارق شاہانی نے تمام اداروں کو تاکید کی کہ جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر بہترین اور مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہری پرامن اور خوشگوار ماحول میں اس بابرکت دن کی تقریبات میں شریک ہوسکیں۔