Live Updates

سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن جاری

بدھ 3 ستمبر 2025 18:09

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) سرگودھا ویمن چیمبر کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن جاری ہے۔ پنجاب میں حالیہ طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد جب ہزاروں خاندان مشکلات کا شکار ہیں، ایسے وقت میں سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے اپنی بانی صدر مسز شمیم آفتاب کی متحرک قیادت میں متاثرہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر ریلیف مشن شروع کر دیا ہے۔

چیمبر کی ٹیم میں فاؤنڈر سینئر نائب صدر سادیہ خان، سابق ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر حمیرا اظہر، ڈاکٹر راضیہ نیازی، ڈاکٹر عتیقہ، سابق ایم پی اے نسرین طارق، سینئر رکن رابعہ بوسری، سابق ایم پی اے ساجدہ بیگم، سابق ایگزیکٹو ممبر شازیہ بنگش اور سغریٰ عالم شامل ہیں جو کوٹ مومن کے علاقے میں امدادی سرگرمیوں میں سرگرم عمل ہیں۔

(جاری ہے)

اس ریلیف مشن کے تحت 200 متاثرہ خاندانوں کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں 100 خاندانوں کو بنیادی اشیائے خورونوش پہنچا دی گئی ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 100 خاندانوں تک امداد پہنچائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر متاثرہ خاندان کو 10 ہزار روپے نقد امداد بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے کر سکیں۔ ویمن چیمبر نے اعلان کیا ہے کہ اس انسانی خدمت کے مشن سے متعلق تفصیلات ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کی جائیں گی تاکہ مزید مربوط اور مؤثر انداز میں متاثرین کی مدد کی جا سکے۔

اس مشکل گھڑی میں سرگودھا ویمن چیمبر کا کردار خواتین قیادت کی ایک روشن مثال ہے جو نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ خواتین بزنس لیڈرز کس طرح مقامی سطح پر انسانی ہمدردی کے اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :