Live Updates

طوفانی بارشوں نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا

کھلے آسمان تلے بیٹھے ہزاروں سیلاب متاثرین حکومتی امداد کے منتظرہیں

بدھ 3 ستمبر 2025 18:26

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) نارووال اور گردونواح میں طوفانی بارشوں نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا،کھلے آسمان تلے بیٹھے ہزاروں سیلاب متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں،دریائے راوی اور ندی نالے پھر بپھرنے لگے۔بتایا گیا ہے کہ مون سون کے نویں سپیل میں گزشتہ پانچ روز سے وقفہ وقفہ سے ہونے والی طوفانی بارشوں نے نارووال،ظفروال اور شکر گڑھ کے علاقوں میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ سینکڑوں خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے اور وہ بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے بیٹھے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں سیلاب کے دوران درجنوں دیہات زیر آب آ کر شدید متاثر ہوئے اور وہاں سڑکوں کا نظام کافی حد تک تباہ ہو چکا ہے،سیلاب متاثرین نے اپنے جانوروں سمیت سڑکوں پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جہاں انہیں کھانے پینے اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیا کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور جانوروں کے لیے چارہ وغیرہ بھی ختم ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ہزاروں ایکڑ پر کھڑی دھان کی تیار فصلیں تباہ ہو چکی ہیں کئی علاقوں میں اب بھی کئی کئی فٹ پانی موجود ہے۔بدھ کے روز دریائے راوی میں کوٹ نیناں کے مقام پر پانی کا بہا ستر ہزار کیوسک تھا جبکہ جسڑ کے مقام پر 82140 کیوسک تھا اور اس میں اضافہ ہو رہا ہے نالہ اوج میں36400,نالہ بسنتر 4057,نالہ بئیں 5373 اور نالہ ڈیک میں پانی کا بہا 10983 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ،سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کے ساتھ ساتھ حکومتی نمائندے بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اسکے علاہ ضلع بھر میں فلاحی اور مذہبی تنظیمیں بھی بھر چڑھ کر متاثرین کے لیے خوراک اور رہائش کا انتظام کر رہی ہیں۔

جبکہ سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ سیلاب سے فصلوں کا جتنا نقصان ہوا ہے حکومت کو چاہیے کہ اس علاقے کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کے قرضے معاف کرے اور بجلی اور گیس وغیرہ کے بل آئندہ سال تک معاف کئے جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات