ًآسان کاروبار فنانس سکیم کے دوسرے مرحلے کا جلد آغاز کیا جارہا ہی: ، چوہدری شافع حسین

بدھ 3 ستمبر 2025 20:44

ًآسان کاروبار فنانس سکیم کے دوسرے مرحلے کا جلد آغاز کیا جارہا ہی: ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد جلد دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے۔

دوسرے مرحلے میں وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اقدام کے تحت بلاسود قرضے کی 4 سکیمیں شروع کی جارہی ہیں ان سکیموں کے تحت 90 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے اور ان قرضوں کے اجراء سے 5523 کاروباروں کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی آپ گریڈیشن اور عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ماہ اکتوبر میں شروع ہونے والے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی آپ گریڈیشن کے پروگرام پر2750 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا اور بھرپور شجرکاری کی جائے گی۔پروگرام کے تحت سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں گرین بیلٹس اور صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہینڈی کرافٹس کی مناسب مارکیٹنگ اور تشہیر سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے اس لئے ہینڈی کرافٹس کی آن لائن مارکیٹنگ پر فوکس کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی ہینڈی کرافٹس شاپس کے بارے سفارت خانوں کو بھر پور اگاہی دی جائے۔ صوبائی وزیر نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کیلئے ورکنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی اور گجرات میں انڈسٹریل اسٹیٹ 2 کے قیام کیلئے عدالتوں میں کیسز کی بھرپور پیروی کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں بعض سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے ترقیاتی کاموں اوراے ڈی پی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر کی اٹھائے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفننگ دی اور بتایا کہ دستکاری کے فن کی ترویج کیلئے دستکاروں کی رجسٹریشن کی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا ہے کہ گندھارا آرٹیزن ویلج ٹیکسلا کی آپ گریڈیشن کی گئی ہے۔ اجلاس میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔