زیتون کا شعبہ پاکستان کی معیشت کیلئے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے،رانا مشہود

منگل 21 اکتوبر 2025 20:00

زیتون کا شعبہ پاکستان کی معیشت کیلئے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے،رانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2025ء) چیئر مین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی ترقی و قیادت میں سرمایہ کاری پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔منگل کو زیتون سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیتون کا شعبہ پاکستان کی معیشت کے لئے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے، پاکستان کے شمالی اور جنوبی خطوں میں زیتون کی کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اگر اس شعبے پر مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ کام کیا جائے تو پاکستان زیتون پیدا کرنے والے صفِ اوّل کے ممالک میں شامل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور اس کے نوجوانوں پر پورا یقین اور مکمل اعتماد ہے، میں ہر سال اس طرح کی کانفرنسز کو قریب سے فالو کرتا ہوں، گزشتہ سال بھی میں نے کہا تھا اور آج پھر وہی بات دہرا رہا ہوں کہ آپ کی سفارشات نہایت اہم ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان سفارشات کو نہ صرف متعلقہ اداروں تک پہنچائیں گے بلکہ ان پر بہتری لا کر عملی طور پر نافذ بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے ہم عملی اقدامات اٹھائیں، باتوں سے آگے بڑھ کر ہمیں اپنی کارکردگی سے دنیا کو دکھانا ہوگا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں تمام شرکاء اس اعتماد کے ساتھ شریک ہوں گے کہ جن سفارشات کو آج پیش کیا جا رہا ہے وہ آئندہ عملدرآمد کے مرحلے میں داخل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ زیتون صرف ایک فصل نہیں بلکہ پاکستان کے لئے خوشحالی، پائیداری اور خود کفالت کی علامت ہے، ہم زیتون کو پاکستان کی پہچان بنائیں گے اور اسے ایک مضبوط قومی برانڈ کے طور پر عالمی سطح پر متعارف کرائیں گے۔