شوگر ملز مالکان کا اربوں روپے منافع کمانے کا سلسلہ جاری

ملک میں چینی کی اوسط قیمت میں مزید 20 روپے اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی منگل 21 اکتوبر 2025 19:42

شوگر ملز مالکان کا اربوں روپے منافع کمانے کا سلسلہ جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2025ء) شوگر ملز مالکان کا اربوں روپے منافع کمانے کا سلسلہ جاری، ملک میں چینی کی اوسط قیمت میں مزید 20 روپے اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ ایک ماہ کے دوران فی کلو چینی کی قیمت میں 15سے 20روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں چینی کی قیمت 200روپے فی کلو ہو گئی ہے جو گزشتہ ماہ 179روپے تھی، راولپنڈی میں چینی کی موجودہ قیمت 190روپے فی کلو ہے، جو گزشتہ ماہ 185روپے تھی، اسلام آباد میں چینی 185سے 190روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ ماہ 180 روپے تھی، پشاور میں فی کلو چینی کی قیمت 195 روپے تک پہنچ گئی، جو پہلے 190 روپے تھی۔

کراچی میں چینی 195سے 200روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ ماہ 190روپے میں دستیاب تھی، کوئٹہ میں بھی چینی کی قیمت 195سے 200روپے فی کلو تک جا پہنچی، جو پہلے 190روپے تھی، فیصل آباد میں چینی 190سے 200روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ گزشتہ ماہ 185روپے میں دستیاب تھی، ملتان میں چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو ہو گئی، جو گزشتہ ماہ 185 روپے تھی۔