ڈویژنل اسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں صحت کی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈاکٹرز کانفرنس کا انعقاد

بدھ 3 ستمبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) ڈویژنل اسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈاکٹرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈویژنل اسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں لوگوں کو دی جانے والی صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، عملے کی کارکردگی ،و ان کی حاضری کو یقینی بنانے اور ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی سمیت اسپتال کے مختلف شعبوں سے وابستہ ڈاکٹرز اور عملے نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اسپتال میں لوگوں کو دی جانے والی طبی سہولیات، ڈاکٹرز کے اوقات کار، فرائض کی انجام دہی اور دیگر انتظامی و عملی مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے منعقدہ ڈاکٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز معاشرے کے مسیحا ہیں اور ان پر انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ڈاکٹروں کی غیر حاضری ایک ناقابل قبول عمل ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا فرائض میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور زیر علاج مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اس حوالے سے سستی نہیں ہونی چاہیے ۔

ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ جہاں کہیں ڈاکٹرز کو مسائل درپیش ہوں، ان کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ اسپتال میں ضروری ادویات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسپتال کے تمام عملے کی حاضری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت کے شعبے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے مسائل میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :