Live Updates

حالیہ سیلاب اور بارشوں سے 884 افراد جاں بحق، 9 ہزار 292 گھر تباہ ہوئے،حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، قوم متاثرین کی دل کھول کر مدد کرے،وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ

جمعہ 5 ستمبر 2025 13:50

حالیہ سیلاب اور بارشوں سے 884 افراد جاں بحق، 9 ہزار 292 گھر تباہ ہوئے،حکومت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے 884 افراد جاں بحق اور 9 ہزار 292 گھر تباہ ہوئے،حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،پوری قوم متاثرین کی دل کھول کر مدد کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو قومی اسمبلی میں سیلاب کے حوالے سے جاری بحث سمیٹتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات دنیا میں (ترقی یافتہ یا ترقی پذیر )جہاں بھی وقوع پذیر ہوں ان سے نمٹنا آسان نہیں ہوتا۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں سیلاب اور بارشوں سے 884 اموات ہوئیں،1180 زخمی ہوئے ،9292 گھر تباہ ہوئے اور 6180 لائیو سٹاک کا نقصان ہوا،سیلاب میں گھرے ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے سیلاب سے ملک بھر میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے 20 لاکھ روپے فی کس دیے جارہے ہیں،شدید زخمیوں کو 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے ،اس کے لئے 69 کروڑ روپےجاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو 1رب 30 کروڑ روپےجاری کئے گئے، ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے اس کے ذیلی ادارے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کی بارشوں، سیلاب اور کلائوڈ برسٹ کے حوالے سے 92 فیصد پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں، عوام کو اس سے مستفید ہونا چاہیے تاکہ حفاظتی اقدامات اٹھانے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل سے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم تباہی اس قدر بڑی ہے کہ پوری قوم دل کھول کر مدد کرے،ہم سارے وسائل یکجا کرکے متاثرین کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ قومی المیہ ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ان قدرتی آفات کا سامنا ہے،اس پر سیاست کی بجائے قومی جذبے سے اپنی بہنوں اور بھائیوں کی مدد کرنی ہے،اس حوالے سے حکومت کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔932
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات