خیبرپختونخوا سوسائٹی آف اینستھیزیالوجسٹس کی مشیر صحت سے ملاقات، صوبے بھر میں اینستھیزیا سروسز کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

بدھ 3 ستمبر 2025 20:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)خیبرپختونخوا سوسائٹی آف اینستھیزیالوجسٹس (KPSA) کے نمائندہ وفد نے مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے سرکاری و نجی طبی اداروں میں اینستھیزیا سروسز سے متعلق اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد کی نمائندگی ڈاکٹر نبی جان آفریدی کررہے تھے۔ ملاقات کے دوران KPSA کے وفد نے مختلف چیلنجز کی نشاندہی کی، جن میں ضلعی اور تیسرے درجے کے اسپتالوں میں ماہر اینستھیزیالوجسٹس کی کمی، نجی طبی اداروں میں اینستھیزیا سروسز کی ناکافی نگرانی و ضابطہ بندی، پیشہ ورانہ فیسوں اور سروس پروٹوکولز کا فقدان، اور اینستھیزیا ماہرین کو درپیش عدم شناخت، کیرئر تحفظ اور پالیسی سپورٹ جیسے مسائل شامل تھے۔

مشیر صحت احتشام علی نے وفد کو ان مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی اور صحت کے نظام کی بہتری کے لیے اس باہمی تعاون کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اینستھیزیا سروسز سے متعلق قواعد و ضوابط کے نفاذ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جس میں KPSA، محکمہ صحت، ہیلتھ کئر کمیشن(HCC) اور صحت سہولت پروگرام کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

مشیر صحت نے واضح طور پر ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی نجی اسپتال ماہر اینستھیزیالوجسٹ کے بغیر آپریشن تھیٹر چلانے کا مجاذ نہیں ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والے ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹر بند کیے جائیں گے اور انہیں محکمہ صحت کے قواعد کے مطابق جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔احتشام علی نے صوبے بھر کے آئی سی یوز (Intensive Care Units) کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان یونٹس میں ماہر اینستھیزیالوجسٹس کی تعیناتی کی جائے گی تاکہ چوبیس گھنٹے نگہداشت کی سہولیات دستیاب ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں بطور میڈیکل آفیسر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو ان کے متعلقہ اسپتالوں میں اینستھیزیا ڈیپارٹمنٹس میں تعینات کیا جائے گا تاکہ سروس گیپس کو دور کیا جا سکے۔مشیر صحت نے KPSA کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اینستھیزیا سروسز کو مؤثر پالیسی، مضبوط ضابطہ بندی اور ادارہ جاتی بہتری کے ذریعے مضبوط کیا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر KPSA کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر مریضوں کی حفاظت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :