آزادکشمیر یونیورسٹی شعبہ اردو کے زیر اہتمام تقریب تحسین فن کا انعقاد، اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بھرپور شرکت

ْ

جمعرات 4 ستمبر 2025 14:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)آزادکشمیر یونیورسٹی شعبہ اردو کے زیر اہتمام تقریب تحسین فن کا انعقاد، اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بھرپور شرکت،تمغہ امتیاز کے اعزاز یافتگان کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین،ممتاز محقق،ادیب،شاعر علامہ جواد حسین جعفری کا ذاتی کتب جامعہ کشمیر شعبہ اردو کو عطیہ کرنے کا اعلان،تفصیلات کے مطابق جامعہ کشمیر شعبہ اردو کے زیر اہتمام تمغہ اعزاز کے حامل ریاستی ادبا،شعرا،دانشوروںکے اعزاز میں تقریب تحسین فن کا انعقادکیا گیا جس میں آزاد کشمیر کے مایہ ناز ادیب، مایہ ناز شاعری، معروف (ر) بیوروکریٹ علامہ جواد جعفری، آزاد کشمیر کے مایہ ناز ڈرامہ نگار، سینئر صحافی و کالم نگار اشتیاق احمد آتش نے خصوصی شرکت کی،اس موقع پر تقریب سے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر میر یوسف میر،لیکچرر مہتاب عالم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا،نشست میں مقررین نے اٴْردو ادب کی علمی و فکری جہتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو تحقیق اور تخلیق کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،اس موقع پر علامہ جواد حسین جعفری نے اپنی ذاتی کتب جامعہ کشمیر شعبہ اردو کو عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا،یاد رہے علامہ جواد حسین جعفری کا شمار ایسے دانشوروں میں ہوتا ہے جنہوں نے مذہبی خطابت اور تحقیقی مطالعات کو ایک دوسرے میں اس طرح مدغم کیا ہے کہ فکر و فہم کی نئی راہیں روشن ہوئیں،ان کی خطابت محض تقریر نہیں بلکہ ایک ایسا فکری سفر ہے جو سامع کے دل کو منور اور ذہن کو معطر کر دیتا ہے،انھوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں معاصر معاشرتی مسائل کو نہایت مدلل انداز میں اجاگر کیا ہے،اسی طرح اشتیاق احمد آتش نے ریڈیو براڈکاسٹر، ادیب و صداکارکی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی،ان کا نام ریڈیو کی نغمہ بار فضاؤں سے لے کر اردو ادب کے دامن تک جگمگاتا ہے،وہ صداکار بھی ہیں براڈکاسٹر بھی افسانہ نگار بھی ہیں اور ناول نویس بھی،ان کے لب و لہجہ کی شگفتگی سامع کو مسحور کرتی ہے ،اور ان کے قلم کی روانی قاری کے دل و دماغ پر نقش چھوڑتی ہے،ان دونوں شخصیات کے خطاب کو سامعین نے بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔