قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا 38واں گریجویٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل کا اجلاس

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:24

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا 38واں گریجویٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی صدارت میں یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس گلگت میں منعقد ہوا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اجلاس میں کونسل کے اراکین نے اہم تعلیمی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا۔

جن میں ڈگریوں کی منظوری،ڈگری ٹائٹل ایوارڈ اور گریجویٹ ریسرچ پروگرامز کے لیے سپروائزی کمیٹیوں کی منظوری شامل تھا۔اجلاس کے دوران کونسل نے متعدد گریجویٹ طلباء کی ڈگریوں کی منظوری دی جنہوں نے اپنی تعلیمی ضروریات کامیابی سے مکمل کیں۔وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ان فیصلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گریجویٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی منظرنامے کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ آج کے فیصلے ہمارے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور جدت کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔38ویں گریجویٹ ریسرچ مینجمنٹ کونسل اجلاس میں تحقیقی سہولیات کو بہتر بنانے اور گلگت بلتستان کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق تعلیمی پروگرامز کو ہم آہنگ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے تعلیمی اور تحقیقی اثرات کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس طرح کے اجلاس خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں جامعہ کے کردار کو تقویت دیتے ہیں ۔اجلاس کا اختتام بین الضابطہ تحقیق اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہواتاکہ جامعہ قراقرم خطے میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :