ٴْیو ای ٹی لاہور اور بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان تحقیقی و تعلیمی تعاون پر معاہدہ

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:18

/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور اور بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر اور ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) آصف خلیق (ہلالِ امتیاز ملٹری) نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر محمد وقاص، ڈائریکٹر او آر آئی سی پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف رفیق، ڈائریکٹر سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر امجد حسین اور دیگر معزز شرکاء موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات مثلاً قابلِ تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور میری ٹائم اسٹڈیز میں جدید تحقیقی منصوبوں پر مشترکہ تعاون کریں گے۔

جس سے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور ٹیکنالوجی میں جدت کے فروغ کے لیے مشترکہ تحقیقی مراکز اور لیبارٹریز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔مزید برآں، یہ تعاون میری ٹائم انڈسٹری، سرکاری اداروں، بحری افواج کے اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ ادارہ جاتی روابط کو بھی مضبوط کرے گا۔ اس کے علاوہ تحقیق اور جدت کے لیے مشترکہ فنڈنگ اور گرانٹس کے حصول پر کام کیا جائے گا جبکہ طلباء، اساتذہ اور انڈسٹری کے ماہرین کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے ورکشاپس، سیمینارز اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے خصوصی شعبہ جات میں سرٹیفیکیشن پروگرامز اور قلیل مدتی کورسز بھی متعارف کروائیں گے۔