یونیورسٹی آف سرگودھا میں محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد

جمعرات 4 ستمبر 2025 22:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں عشرہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلہ میں محفلِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس مہمانِ خصوصی اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ اس روح پرور محفل میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، تدریسی وانتظامی شعبہ جات کے سربراہان ، اساتذہ اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا آغاز طلبہ کے پُرکیف نعتیہ کلام سے ہوا جس نے حاضرین کو عشقِ رسول ﷺ کی فضا میں سرشار کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے ہمیشہ امن، سلامتی، بھائی چارے، باہمی اتحاد، نظم وضبط، اصولوں کی پاسداری اور حقوق العباد کی ادائیگی کا درس دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو اولین درجہ دیا اور واضح کیا کہ رنگ، نسل اور زبان کی بنیاد پر کسی کو برتری حاصل نہیں ہے۔

وائس چانسلر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کی اصل روح انسانیت کا احترام اور دوسروں کی مدد ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام انبیا کرام نے انسانیت کی تعلیم دی اور حضور اکرم ﷺنے اس پیغام کو کامل انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے طلبہ وطالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں باہمی تعاون، برداشت اور احترام کو فروغ دیں تاکہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر فیروزالدین شاہ نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی زندگی ہمارے لیے کامل نمونہ ہے، آپؐ کی سنت پر عمل کر کے ہم دنیا وآخرت سنوار سکتے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم حاصل کریں، کسی بھی معلومات کی اشاعت سے قبل تصدیق ضرور کریں کیونکہ یہی شیوہ نبویؐ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے بغیر تصدیق کے بات آگے پھیلانا معاشرتی بگاڑ کا باعث بن رہا ہے، اس لیے ہمیں نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے اس روش کو ترک کرنا چاہیے۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے عشرہ شانِ رحمت العالمینؐ کے سلسلہ میں منعقدہ نعت، قرات اور تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں نقد انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔