پاکستان عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کرے گا ، سردار محمد یوسف

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کا بابرکت موقع ہمیں نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کو اپنانے کا پیغام دیتا ہے جو انسانیت کے لئے رہنمائی، کامیابی، صبر، برداشت، ہمدردی اور ہم آہنگی کا راستہ ہیں۔’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت 12 ربیع الاول کو 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد کرے گی جو کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے اعلان کردہ نبی کریم ﷺ کے 1500ویں سال ولادت کی عالمی تقریبات کا حصہ ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ امت مسلمہ کے لئے باعثِ شرف و برکت ہے کہ ہم آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی امت میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سیرت کانفرنس وفاقی اور صوبائی سطح پر منعقد کی جائے گی جس میں علماء اور دانشور نبی کریم ﷺ کے پیغام امن و ہم آہنگی پر روشنی ڈالیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمٰن نے کہا کہ ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال سیرت کانفرنس میں بین الاقوامی مندوبین اور مقررین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جن میں فلسطین کے چیف جسٹس، ڈپٹی گرینڈ مفتی اور بنگلہ دیش کے وزیر برائے مذہبی امور شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں صوبائی سطح پر تقریبات اور کانفرنسز منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہونے کا عزم تازہ کیا جا سکے۔وفاقی سیکرٹری نے مزید کہا کہ کانفرنس میں اقلیتی برادریوں جن میں مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی اور دیگر شامل ہیں، کے نمائندے بھی شریک ہوں گے جو نبی کریم ﷺ کے پیغامِ بین المذاہب ہم آہنگی کا مظہر ہے۔\395