Live Updates

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈز کے خطرے کا الرٹ جاری

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈز کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا۔الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔کشمیر کے اضلاع بالخصوص مظفرآباد، نیلم ویلی، حویلی، باغ، پونچھ اور سدھنوتی میں شدید بارشوں کا امکان ہے، بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث شاہراہ قراقرم کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈز کا خطرہ بڑھ گیا۔

الرٹ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے ممکنہ طور پر طورغر روڈ 120، بٹ گرام روڈ 140، شانگلہ روڈ 160، لوئر کوہستان روڈ 180، تتا پانی روڈ 320 تا 360 متاثر ہو سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

گلگت روڈ 400 تا 420 اور ہنزہ روندو سمیت سکردو اور چترال کے مقامات پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈزکے خطرے کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے ریڈیو، ٹی وی اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے رہنمائی لیں۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر 24 گھنٹے کے لئے مکمل فعال ہے، این ڈی ایم اے سول و عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے، مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات