محکمہ صحت نے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طور پر چلنے والے میڈیکل اسٹورز اور لیبارٹریز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا

جمعرات 4 ستمبر 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) نصیرآباد میں محکمہ صحت نے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طور پر چلنے والے میڈیکل اسٹورز اور لیبارٹریز کے خلاف ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، کارروائی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی اس سلسلے میں ڈپٹی ڈی ایچ او نصیرآباد ڈاکٹر ظاہر حسین عمرانی، ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر اعجاز علی، ڈاکٹر غلام نبی پندرانی اور دیگر متعلقہ اسٹاف نے ڈیرہ مراد جمالی سٹی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور موقع پر موجود میڈیکل اسٹورز، کلینکس اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔

کاروائی کے دوران چار غیر معیاری میڈیکل اسٹورز سیل کر دیے گئے جو قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اتر رہے تھے۔

(جاری ہے)

دو عطائی (نان کوالیفائیڈ) ڈاکٹروں کی کلینکس اور ایک لیبارٹری کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ان کی دکانیں سیل کردیے گیئں ان ڈاکٹروں کے پاس نہ کوئی ڈگری تھی اور نہ ہی پریکٹس کی قانونی اجازت تھی صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر آٹھ میڈیکل اسٹورز کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

محکمہ صحت کی ٹیم کے پہنچتے ہی کئی عطائی ڈاکٹرز اپنی کلینکس بند کرکے فرار ہوگئیڈی ایچ او نصیرآباد ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی عوام کی صحت سے کھیلنے والے عطائیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اسی طرح ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر اعجاز علی نے کہاکہ ڈرگ ایکٹ اور میڈیکل پریکٹس کے قوانین کے تحت جو ادارے یا افراد قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ صحت نصیرآباد نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ یہ صرف ابتدائی کارروائی ہے، اور ضلع بھر میں جاری چھاپوں اور معائنہ جات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا تاکہ عوام کو غیر معیاری اور خطرناک طبی سہولیات سے نجات دلائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :