یوروگوئے، کولمبیا اور پیراگوئے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:32

مونٹی ویڈیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) یوروگوئے، کولمبیا اور پیراگوئے نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔یوروگوئے نے گزشتہ روز ہوم گراؤنڈ پر پیرو کو 0-3 سے شکست دے کر اپنی جگہ یقینی بنائی جبکہ کولمبیا نے بولیویا کو اسی اسکور لائن سے ہرایا۔ پیراگوئے نے ایکواڈور کے ساتھ 0-0 سے ڈرا کھیل کر ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

مونٹی ویڈیو کے اسٹاڈیو سینٹیناریو میں 60 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں روڈریگو آگوری نے 14ویں منٹ میں شاندار ہیڈر سے یوروگوئے کو برتری دلائی۔ یوروگوئے کی جانب سے جیورجیان ڈی آراسکیٹا نے دوسرا گول 59ویں منٹ میں کیا جبکہ فیڈریکو ویناس نے میچ ختم ہونے سے 10 منٹ قبل تیسرا گول کر دیا ۔ادھر کولمبیا نے بولیویا کے خلاف باآسانی کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

سابق ریال میڈرڈ اور بایرن میونخ کے کھلاڑی جیمز روڈریگز نے 34ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ اس کے بعد جھون کورڈوبا نے 74ویں منٹ میں دوسرا جبکہ جوان فرنینڈو کوئنٹیرو نے تیسرا گول اسکور کر کے ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچا دیا۔پیراگوائے کو ایکواڈور کے خلاف صرف ڈرا درکار تھا جو انہوں نے بغیر گول کے مقابلے کے ساتھ حاصل کر لیا اور یوں اپنی نویں ورلڈ کپ شرکت یقینی بنائی۔یاد رہے کہ برازیل اور دفاعی چیمپئن ارجنٹائن پہلے ہی 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :