Live Updates

بھارت کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی

ایشیاء کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا اتوار کے روز دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 13 ستمبر 2025 23:32

بھارت کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2025ء) بھارت کیخلاف میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی، روایتی حریف بھارت کیخلاف بڑے میچ کیلئے عمان کیخلاف فتح حاصل کرنے والی ٹیم ہی میدان میں اتارنے کا قوی امکان، وکٹ فاست باولرز کیلئے سازگار ہونے کی صورت میں صفیان مقیم یا ابرار احمد کی جگہ فاسٹ باولر سلمان مرزا کو پلیئنگ 11 میں شامل کیے جانے کا امکان۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل بروز اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔پاکستان اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ 2000 اور 2012 میں دونوں بار بنگلہ دیش میں ون ڈے فارمیٹ میں جیت چکا ہے، اس بار پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کا خواہشمند ہے۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی حالیہ تین ملکی سیریز جیتنے کے بعد پاکستان نے ایشیا کپ میں اپنے سفر کا آغاز جمعہ کی شام عمان کے خلاف 93 رنز سے شاندار کامیابی کے ساتھ کیا۔

(جاری ہے)

اب تک ایشیا کپ کے 16 ایڈیشنز منعقد ہو چکے ہیں جن میں 2016 اور 2022 کے ایڈیشنز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے گئے۔ 2022 کے ایڈیشن میں جو متحدہ عرب امارات میں ہوا، پاکستان سری لنکا سے فائنل میں 23 رنز سے شکست کھا گیا تھا۔ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی پاکستانی اسکواڈ میں سے 10 کھلاڑی پہلے بھی اے سی سی ایشیا کپ میں شرکت کر چکے ہیں۔ پانچ کھلاڑی فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، خوشدل شاہ اور محمد نواز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے ایڈیشنز میں بھی کھیل چکے ہیں۔

آل راؤنڈر محمد نواز، جو تین ملکی سیریز میں 120 رنز اور 10 وکٹیں لے کر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، موجودہ اسکواڈ کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے 2016 اور 2022 دونوں ٹی ٹوئنٹی ایڈیشنز میں شرکت کی۔اس بار ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا گروپ بی میں شامل ہیں۔

پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ سے دو سرفہرست ٹیمیں سپر فور مرحلے میں جائیں گی، جہاں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف راؤنڈ رابن طرز پر کھیلیں گی۔ سپر فور کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 28 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

جب سے مائیک ہیسن نے پاکستان کے ہیڈ کوچ کا عہدہ سنبھالا ہے پاکستان نے 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سے 10 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان فتوحات میں بنگلہ دیش کے خلاف (مئی میں 3-0) اور ویسٹ انڈیز کے خلاف (جولائی/اگست میں 2-1) کی سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ شارجہ میں تین ملکی سیریز کا ٹائٹل شامل ہے، جہاں پاکستان نے 7 ستمبر کو فائنل میں افغانستان کو 75 رنز سے شکست دی تھی۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات