Live Updates

ایشیا کپ 2025ء،کرکٹ کا ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا (کل) ہوگا نے کیلئے بڑی اسکرینز لگائی جائیں گی

ہفتہ 13 ستمبر 2025 17:03

ایشیا کپ 2025ء،کرکٹ کا ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا (کل) ہوگا نے کیلئے ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)ایشیا کپ 2025ء کا ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا (کل) اتوار کو ہوگا۔یاد رہے کہ رواں سال مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سرحدی کشیدگی کے بعد پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کا یہ پہلا ٹکراؤ ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل میں دونوں ٹیموں کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔

گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عمان کو 93 رنز سے شکست دی جبکہ بھارت نے میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف 9 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ پاکستان کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے جبکہ بھارتی ٹیم سوریا کمار یادیو کی کپتانی میں میدان میں اترے گی۔

(جاری ہے)

کرکٹ کے دیوانے اس روایتی مقابلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں اور توقع ہے دبئی سٹیڈیم ایک بار پھر تماشائیوں سے کھچا کھچ بھر جائے گا۔

گزشتہ روز اس پر بات کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت میچ سے متعلق حکومت کے فیصلے کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرلیا ہے۔کوٹک نے دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب بی سی سی آئی نے کہا کہ وہ حکومت کے فیصلے کے ساتھ ہے تو ہماری توجہ صرف میچ پر ہی ہے، پاکستان بمقابلہ بھارت میچ ہمیشہ دلچسپ مقابلہ ہوتا ہے اور کھلاڑی اسی پر توجہ دے رہے ہیں۔

دوسری جانب ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں مداحوں کی دلچسپی بڑھ گئی، لاہور ،کراچی سمیت مختلف شہروں میں دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کو براہ راست دکھانے کے لیے بڑی اسکرینز نصب کی جائیں گی۔کیماڑی کے ساحل پر پورٹ گرینڈ میں بھی شائقین کرکٹ کو میچ سے لطف اندوز کرانے کے لیے بڑی اسکرین لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔مختلف نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے بھی میچ کو براہ راست دکھانے کے لیے بڑی اسکرینز لگائی جائیں گی، اس موقع پر حاضرین کی تواضع کے لیے پرلطف اور ذائقے دارکھانوں کا بھی اہتمام ہوگا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات