اسسٹنٹ کمشنر پسرور کی نالیوں اور سیوریج کے نظام کی فوری صفائی اور بہتری کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت

جمعہ 5 ستمبر 2025 12:34

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نےنالیوں اور سیوریج کے نظام کی فوری صفائی اور بہتری کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کا دورہ کیا، اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی (سی او ایم سی) پسرور عبد الحئی کے ساتھ میٹنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام گلیوں اور سڑکوں کی باقاعدہ صفائی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے،نالیوں اور سیوریج کے نظام کی فوری صفائی اور بہتری کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے تاکہ پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

شہریوں کوپینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے اور خراب پلانٹس کی فوری مرمت کی جائے۔کوڑا کرکٹ کو بروقت اٹھانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ہر وارڈ میں مانیٹرنگ عملہ تعینات کیا جائے۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خاتمے کے لیے باقاعدہ مہم چلائی جائے تاکہ پیدل چلنے والوں اور ٹریفک کی روانی میں آسانی ہو۔

شہریوں میں صفائی کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ اے سی پسرورسدرہ ستار نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی محض انتظامیہ کی نہیں بلکہ ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے۔ آخر میں اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے عملے کو متحرک ہو کر دلجمعی سے کام کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کی جائے گی تاکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :