راجووال ،ٹرک کی رکشہ کو ٹکر، ماں بیٹے سمیت 3 جاں بحق

تیز رفتاری کے باعث پیش آئے حادثے میں 4 افراد زخمی، لاشیں و زخمی ہسپتال منتقل

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:44

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)دیپالپور روڈ پر صوبا رام پل کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں تیز رفتار ٹرک نے رکشہ کو ٹکر مار دی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے نتیجے میں رکشہ میں سوار ایک خاتون، ایک شیر خوار بچہ اور ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچے اور خاتون سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خالدہ زوجہ دارہ عمر تقریباً 35 سال، شہروز ولد دارہ عمر تقریباً 7 ماہ اور حامد ولد عبدالرحمن عمر تقریباً 26 سال سکنہ بلال گنج پاکپتن کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں معظم ولد دارہ عمر تقریباً 6 سال، خالد ولد خادم عمر تقریباً 35 سال، ساجدہ زوجہ عالم عمر تقریباً 20 سال اور دارہ ولد احمد یار عمر تقریباً 25 سال شامل ہیں جن کا تعلق بھی بلال گنج پاکپتن سے ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی نعشیںاور زخمیوں کو ہسپتال متقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔