لیجنڈ اداکار عابد علی کو اپنے مداحوں سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے، 5 ستمبر کو انکی چھٹی برسی منائی گئی

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) لیجنڈ اداکار عابد علی کی چھٹی برسی5 ستمبر بروز جمعہ کو منائی گئی،انہیں اپنے مداحوں سے بچھڑے پانچ برس بیت گئے۔ نامور اداکار عابد علی مارچ 1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے،انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی کوئٹہ سے ہی حاصل کی۔اداکار عابد علی نے ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا،بعدازاں انہوں نے 1973 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہو کر جھوک سیال میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

(جاری ہے)

انہیں امجد اسلام امجد کے قلم بند کئے گئے ڈرامہ’’وارث‘‘سے بے حد شہرت ملی، ان کے مقبول ڈراموں میں پیاس،دوریاں،مہندی،دیار دل و دیگر شامل ہیں۔انہوں نے 1993 میں ڈرامہ سیریل ’’دشت‘‘سے ہدایتکاری کا آغاز کیا۔مرحوم نے70 سے90 کی دہائی تک پی ٹی وی کے کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا،ان کی بہترین فنی خدمات کے اعتراف میں 1985 میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔جگر کے کینسر میں مبتلا عابد علی5 ستمبر 2019 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔