یو ای ٹی انجینئرز کا ایک اور بڑا کارنامہ،اینٹی سموگ گن تیار کر لی

جمعہ 5 ستمبر 2025 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے انجینئرز نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کر لی،ترجمان کے مطابق یو ای ٹی ماہرین نے اینٹی سموگ گن (Fog Cannon System) تیار کر لی ہے جس کی رینج 40 میٹر ہے، یہ گن موثر طریقے سے دھول اور فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے استعمال کی جائے گہ۔

یہ جدید ڈسٹ سپریشن سسٹم تعمیراتی مقامات، پتھر توڑنے کے پلانٹس اور مائننگ کے دوران پیدا ہونے والے گرد و غبار کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوگا، اس سسٹم کی بدولت پانی کے باریک ذرات فضا میں بکھر کر اردگرد کے ذرات کے ساتھ جڑ جاتے اور ان کو نیچے گرا دیتے ہیں، جس سے فضائی آلودگی کم اور ماحول بہتر ہوتا ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغہ امتیاز) نے اس کارنامے پر انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایجاد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں ایک عملی قدم ہے، ان کا کہنا تھا کہ یو ای ٹی کو ایجادات کا ہب بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پراجیکٹ سپروائزر انجینئرمعین سلطان، ڈین مکینیکل ڈاکٹر توصیف، کیمپس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شاہد عمران اور چیئرمین ڈاکٹر محمد فرحان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی انجینئرز نے ہمیشہ جدید تحقیق اور معاشرتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔