ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان کی زیر صدارت اجلاس، جرائم کے خلاف سخت کارروائیوں کا حکم

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس افسران کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی اور جرائم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن، تمام سرکل ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے پولیس کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی او چارسدہ نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور سٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں جبکہ قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں ملوث ملزمان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اسی طرح اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور آپریشن کا حکم بھی جاری کیا گیا۔

اجلاس میں موجودہ حالات کے پیش نظر تھانہ جات اور چوکیات کی سکیورٹی سخت کرنے اور وہاں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو ہر وقت درست حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈی پی او محمد وقاص خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔