آج 12 ربیع الاول کا دن ہے، جو کہ کائنات کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے یہ وہ دن ہے جب سید المرسلین، خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی،حافظ حسین احمد شرودی

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی حاجی عبدالصادق نورزئی مولانا شاہ محمد حاجی سید عبدالواحد آغا مولانا محمد ساسولی مولانا محمد ہاشم خیشکی مولانا حفیظ اللہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحیدی معاون سیکرٹری اطلاعات مولانا مفتی نیک محمد فاروقی رحیم الدین ایڈووکیٹ نعمت افغان چوہدری محمد عاطف مولانا ضیاء الرحمن فاروقی اللہ دوست ایڈوکیٹ ٹکری محمد جان لانگو ودیگر نے کہا کہ آج 12 ربیع الاول کا دن ہے، جو کہ کائنات کی تاریخ کا ایک روشن باب ہے یہ وہ دن ہے جب سید المرسلین، خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی۔

اس دن کی آمد سے عرب کی تاریک راتیں روشن ہوئیں، اور دنیا کو ایک ایسی ہستی ملی جس نے عدل، رحمت اور انسانیت کا درس دیا۔

(جاری ہے)

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک عظیم نعمت تھی۔ اسی طرح، یہ دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا سے پردہ پوشی کا بھی دن ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ہر پہلو ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے انہوں نے کہا کہ آپ ص کی نبوت سے قبل کی زندگی بھی صداقت اور امانت کی مثال تھی۔

آپ کو "الصادق" اور "الامین" کے لقب سے پکارا جاتا تھا۔ نبوت کے بعد، آپ نے توحید کی دعوت دی، ظلم و جبر کا خاتمہ کیا اور ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھی جہاں ہر انسان کو اس کے حقوق ملے۔ آپ کی حیاتِ طیبہ میں صبر، تحمل، عفو و درگزر اور اخلاقِ حسنہ کا اعلیٰ ترین نمونہ موجود ہے۔آپ نے صرف روحانی اور اخلاقی تعلیمات ہی نہیں دیں، بلکہ ایک کامیاب سیاسی نظام کی بھی بنیاد رکھی۔

مدینہ منورہ ہجرت کے بعد، آپ نے مدینہ کی ریاست قائم کی، جہاں مسلمانوں، یہودیوں اور دیگر قبائل کو میثاقِ مدینہ کے ذریعے ایک مشترکہ دستور کے تحت متحد کیا۔ اس دستور نے مذہبی آزادی، عدل اور ریاست کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے فیصلوں میں انصاف اور حکمت کا مظاہرہ کیا، اور یہ ثابت کیا کہ ایک دین دار حکمران کس طرح اپنی رعایا کے لیے رحمت کا باعث بن سکتا ہے۔

آپ کی سیاسی بصیرت نے نہ صرف ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا بلکہ بین الاقوامی تعلقات کے اصول بھی وضع کیے انہوں نے کہا کہ آپ ص کا پیغام صرف نماز، روزہ تک محدود نہیں تھا۔ آپ نے ایک مکمل نظامِ زندگی دیا۔ آپ کے پیغام کے اہم نکات میں توحید، اخوت و مساوات، عدل و انصاف اور انسانیت کی فلاح شامل ہیں۔ یہ تمام تعلیمات قرآن و سنت کی روشنی میں ہم سب کے لیے قابلِ عمل ہیں۔ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر چلتے ہوئے اپنے کردار اور عمل کو آپ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :