پی ٹی وی کو سنگین مالی اور گورننس بحران کا سامنا ہے، فوری توجہ دی جائے، سحر کامران کا قائمہ کمیٹی کو خط

لائسنس فیس کے خاتمے سے ریونیو ماڈل بیٹھ گیا، پی ٹی وی واجبات ادا کرنے کے قابل نہیں رہا، خط

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات کو خط لکھ دیا جس میں کہاگیاہے کہ پی ٹی وی کو سنگین مالی اور گورننس بحران کا سامنا ہے، فوری توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو لکھے گئے خط میں کہاگیاکہ پی ٹی وی ملازمین کو تنخواہیں دینے سے قاصر، ادارہ مکمل مفلوجی کے خطرے میں ہے ،لائسنس فیس کے خاتمے سے ریونیو ماڈل بیٹھ گیا، پی ٹی وی واجبات ادا کرنے کے قابل نہیں رہا، بڑھتے واجبات اور مالی بحران سے ادارہ جاتی مفلوجی کا خطرہ بڑھ گیا۔

سحر کامران نے کہاکہ متنازع اور سیاسی بنیادوں پر تقرریوں سے پی ٹی وی مزید کمزور ہوا،غیر پیشہ ورانہ فیصلوں نے معیار اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔ خط میں کہاگیاکہ اینکر رضوان الرحمان (رضی) کے توہین آمیز تبصرے نے پی ٹی وی کی ساکھ مزید متاثر کی، رضوان الرحمان کے وی لاگ پر کمیٹی تحقیقات کرے، وزارت کی کارروائی رپورٹ کرے۔خط میں کہاگیاکہ وزارتِ اطلاعات فوری طور پر اصلاحاتی روڈ میپ پیش کرے۔