ہری پور،تحصیل میونسپل کمپلیکس غازی میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کی مناسبت سے تقریب

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:00

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) تحصیل میونسپل کمپلیکس غازی میں عشرہ رحمت للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ایک باوقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر غازی،تحصیل میونسپل آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غازی،ریونیو سٹاف،علماء کرام،حفاظِ قرآن اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعت خوانوں نے رسولِ اکرم ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحصیل خطیب اختر نواز نے سیرت النبی ﷺ پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ،صبر و استقامت،انصاف پسندی اور انسانیت نوازی کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ مبارکہ رہتی دنیا تک کے لیے پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے،ہمیں چاہیے کہ اپنی نجی و اجتماعی زندگیوں کو سیرتِ رسول ﷺ کے مطابق ڈھالیں۔

تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غازی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنانا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے،نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :