نبی پاک ﷺکی سیرت طیبہ سےرہنمائی لینی چاہیئےاور قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا چاہیے، وفاقی وزیر مذہبی امور

جمعہ 5 ستمبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہمیں نبی پاک ﷺکی تعلیمات کے مطابق دیانت داری ،عدل و انصاف، عفو درگزر اور محبت سے سرشار ہو کر معاشرے کو ایک مثالی معاشرہ بنانا چاہیے ، ہمیں نعت رسول مقبول اور سیرت طیبہ سے راہنمائی لے کر اپنی زندگیوں کو قرآن وسنت کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔

جمعہ کو یہاں جشن عید میلاد النبی ﷺکے سلسلہ میں منعقدہ قومی محفل نعت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس عظیم الشان محفل نعت میں ملک بھر سے نعت خوانوں نے ہدیہ عقیدت پیش کیا جو ہم سب کے لیےخوش قسمتی کا باعث ہے کیونکہ جس ذات گرامی کے ذکر کے لیے ہم یہاں اکٹھے ہوئے ہیں ان کا ذکر عبادت ہے۔ جن پر درود و سلام خود اللہ تعالیٰ اور فرشتے بھیجتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم سب کو اس خوش نصیبی اور خوش قسمتی پر نازاں ہونا چاہیے ۔ ہمیں آپ ﷺکے اخلاق عالیہ کو اپنانے کی کوشش کرنی چاہیے ہم سب کو دین و دنیا کی کامیابی اسی صورت میں مل سکتی ہے جب ہم آپ ﷺکے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہمیں یہ منفرد سعادت حاصل ہو رہی ہے کہ ہم آپ ﷺکی ولادت کے 1500 سال مکمل ہونے کی یاد منا رہے ہیں۔ یہ عشق رسول کا تقاضا بھی ہے اور ہمارے لیے ہمارے دین کی تجدید کا لمحہ بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد آپ ﷺکا پیغام محبت اور امن عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی بابرکت محفل میں اکٹھے ہیں جہاں یہ محفل ایک تقریب ہی نہیں ایک روحانی سفر ہے ۔جس سے آپ ﷺسے محبت کا اظہار بھی ہے اور ہمارے ایمان کا لازمی جز بھی ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺکی محبت کے بغیر ایمان کا تصور بھی ممکن نہیں ہے۔نعت رسول مقبول ﷺدرحقیقت وہ نور ہے جس کے ذریعہ ایمان کو تازگی اور روح کو طہارت ملتی ہے انہوں نے کہا کہ نعت سے دل اللہ کی طرف مائل ہوتا ہے۔

نعت کی اس محفل میں جہاں ہمارے دل نبی پاک ﷺکی محبت سے سرشار ہوتے ہیں وہاں ہمیں آپ ﷺکے پیغام اور مشن کا حقیقی وارث بھی بننا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی پاک ﷺکی دیانت داری ، عدل و انصاف، عفو ودرگزر اور رحمت کی تعلیمات کے سے سرشار ہو کر اپنے معاشرے کو مثالی معاشرہ بنانا چاہیے۔ ہمیں نعت گوئی اور سیرت طیبہ سےرہنمائی لینی چاہیئےاور قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا چاہیے۔وزیر مذہبی امور نے محفل نعت میں حصہ لینے والے اول دوم اورسوم آنے والے نعت خوانوں کو انعامات سے بھی نوازا۔

متعلقہ عنوان :