فیصل آباد،عیدمیلادالنبی ؐکے موقع پر مرکزی جلوس جامع مسجد سنی رضوی سے نکالاگیا،ہسپتالوں و جیلوں میں کھانے، مٹھائیاں، پھل تقسیم

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) عید میلادالنبی ؐکے موقع پرفیصل آباد میں 158 جلوسوں اور34 محافل نعت و درود وسلام ودینی اجتماعات کاانعقاد کیاگیا۔عید میلادالنبی ؐ کے سلسلہ میں مرکزی جلوس جامع مسجد سنی رضوی جھنگ بازار فیصل آباد سے برآمدہو کرچوک جھنگ بازار سے امام بارگاہ چوک سے نڑوالاچوک سے کوتوالی امین پور بازار سے گھنٹہ گھر سے چوک کچہری سے سرکلرروڈ سے ہوتا ہوا گمٹی چوک کارخانہ بازار سے گھنٹہ گھر پہنچ کر جھنگ بازار میں داخل اور جامع مسجدسنی رضوی جھنگ بازار میں اختتام پذیر ہو ا جبکہ دوسرا جلوس لطیف چوک مکان ازاں میاں اصغر گجر سے اعوان چوک سے سول کوارٹر چوک سے مدنی مسجد شیراں والا چوک سے نگینہ چوک سے چشتیہ چوک سے صدر بازار سے دائیں ہاتھ آدم چوک سے جٹانوالہ چوک سے بائیں مدینہ چوک سے راجہ چوک سے شاہی چوک سے پیراں والا چوک سے بائیں قادر آباد چوک سے بائیں چاندنی چوک سے دائیں اقبال چوک سے دائیں گول مسجد غلام محمد آباد سے بائیں پرانا تھانہ سے دائیں لطیف چوک سے بائیں ہاتھ نڑوالا روڈ سے دائیں طرف دربار حاجی میاں غلام قادر المعروف بابا گجر پیر پہنچ کر بعد از نماز ظہر اختتام پذیر ہوا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جشن آمد رسول ؐ کے موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں اور جیلوں میں مریضوں و قیدیوں میں خصوصی کھانے، مٹھائیاں اور پھل تقسیم کئے گئے۔تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹ صاحبان اور تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی جانب سے12 ربیع الاول کو جیلوں کے قیدیوں اور ہسپتالوں کے مریضوں کو بھی جشن عید میلاد النبیؐ کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے۔