بیسنٹ ہال کلچرل سینٹر میں خواتین اور بچوں کے لیے جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی پروقار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) بیسنٹ ہال کلچرل سینٹر میں خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی طور پر جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی کمیونٹی کی خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد بچوں نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کیں اور تقاریر کے ذریعے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔

بچوں کے جوش و خروش اور عقیدت بھرے انداز نے حاضرین کو بے حد محظوظ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کے حوالے سے کہانیوں کے ذریعے نوجوان نسل میں ہمدردی، سچائی، احترام اور عاجزی جیسی اقدار کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔ پروگرام کے دوران خوبصورت سجاوٹ اور روشنیوں کے امتزاج نے روحانی ماحول پیدا کیا۔ شرکاء بالخصوص ماؤں اور بچوں نے نظم و ضبط اور پرامن ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نوجوان نسل میں مذہبی اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ڈائریکٹر بیسنٹ ہال صوبیہ علی نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں، شرکاء اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور ان خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بچوں کو بھرپور تیاری کے ساتھ پروگرام میں شریک کیا۔

متعلقہ عنوان :