کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا فیاض احمد زرگر کی وفات پر اظہار تعزیت

اتوار 7 ستمبر 2025 11:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے ممتاز آزادی پسندرہنما مشتاق احمد زرگر کے بھائی فیاض احمد زرگر کے انتقال پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا جس کی صدارت سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمدبٹ نے کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقررین نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے مرحوم فیاض احمد زرگر کی گراں قدر خدمات اور ان کے خاندان کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم اور ان کے اہل خانہ نے صبر، استقامت اور خلوص کی جو مثالیں قائم کیں وہ تحریک آزادی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہداء اور مجاہدین کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر صورت میں جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر جموں و کشمیر کمیٹی کے وائس چیئرمین لال حسین خان کے چچا کے ایصال ثواب کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ دعائیہ مجلس میں سینئرحریت رہنمائوں محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، میر طاہر مسعود، شیخ عبدالمتین، شیخ یعقوب، جاوید اقبال بٹ، حاجی محمد سلطان، خورشید میر، امتیاز وانی، دائود خان، اعجاز رحمانی، قاضی عمران، غلام نبی بٹ ، لال حسین، عبدالمجید بٹ ،عدیل مشتاق ، محمد شفیع ڈار،رئیس میر، زاہد مجتبیٰ، خالد شبیر، امتیاز بٹ، عبدالرشید بٹ، منظور ڈار اور دیگر نے شرکت کی۔