الخدمت آرفن کیئر کے تحت سیرت النبیﷺ کی مناسبت سے تقریبات

اتوار 7 ستمبر 2025 11:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)الخدمت فائونڈیشن سندھ کے شعبہ آرفن کیئر پروگرام کے تحت 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ملک بھر کی طرح سندھ کے مختلف شہروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر حیدرآباد، بدین، شکارپور، تھرپارکر اور سکھر سمیت تمام کلسٹرز میں بچوں کے لیے خصوصی پروگرامات منعقد ہوئے۔سیرت النبی ﷺ کی مناسبت سے ہونے والی ان تقریبات میں بچوں کو حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور آپ ﷺ کی تعلیمات سے روشناس کرایا گیا۔

بچوں نے نعتوں اور تقاریر کے ذریعے آقائے دو جہاں ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ان تقریبات میں الخدمت کے ضلعی ذمہ داران، باہمت بچوں اور ان کے سرپرستوں نے بھی شرکت کی۔شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بچوں کی تربیت اور انہیں نبی کریم ﷺ کی سیرت کے مطابق ڈھالنا ہی معاشرے کی اصل کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر معاشرے میں امن و اخوت قائم نہیں ہوسکتا۔

مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے اور اگر ہم اپنی زندگیوں کو اسی روشنی میں ڈھال لیں تو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ الخدمت فانڈیشن کے تحت ہر سال ماہِ ربیع الاول کو تعلیم کے فروغ کے لیے منایا جاتا ہے، جس کے تحت "ربیع الاول کا پیغام تعلیم رہے عام" کے عنوان سے خصوصی مہم چلائی جاتی ہے اور مختلف پروگرامز کے ذریعے عوام الناس کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :